ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / وہائٹ ہاؤس کے پریس سیکریٹری مستعفی ہو گئے

وہائٹ ہاؤس کے پریس سیکریٹری مستعفی ہو گئے

Sat, 22 Jul 2017 16:33:16    S.O. News Service

کراچی22،جولائی(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)اطلاعات کے مطابق وائٹ ہاؤس کے پریس سیکریٹری شان سپائسر انتظامی تبدیلی پر احتجاجاً اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں۔نیو یارک ٹائمز کی خبر کے مطابق شان سپائسر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے کی جانے والی کمیونی کیشنز ڈائریکٹرکی تقرری سے خوش نہیں تھے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وال سٹریٹ سے منسلک انتھونی سکیرامکسائی کو کمیونیکیشنزڈائریکٹرکے لیے منتخب کیا ہے جس کا جزوی کام ابھی تک شان سپائسر دیکھ رہے تھے۔شان سپائسر کیمرے کے سامنے آ کر میڈیا کو بریف کرتے رہے ہیں لیکن حالیہ چند ہفتوں میں انھوں نے کیمرے سے دوری اختیار کر رکھی ہے۔شان اسپائسر نے میڈیا کو بتایاکہ وائٹ ہاؤس صاف سلیٹ سے فائدہ اٹھا سکتاہے۔بعد میں فوکس نیوز پر انھوں نے بتایا کہ سکیرامکسائی کی تقرری کا مطلب وائٹ ہاؤس کی میڈیا آپریشن میں ایسا ہی تھا جیسے 'ایک باورچی خانے میں کئی باورچی ہوں' اور اسی لیے انھوں نے اپنا عہدہ چھوڑ دیا۔45سالہ شان نے بتایا کہ انھوں نے صدر ٹرمپ کو کہا تھا 'وہ چند ہفتے رہیں گے جب تک کہ منتقلی نہ ہو جائے' اور وہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ زیادہ وقت گزارنا چاہتے ہیں۔انھوں صدر ٹرمپ کے ایجنڈے کا دفاع کیا اور 'میڈیا کے تعصبات' کے حوالے سے کہا: 'میڈیا یہاں جس طرح کام کر رہا ہے یا اپنا کام نہیں کر رہا اسے دیکھ کر میں بہت مایوس ہوا ہوں۔خیال رہے کہ وائٹ ہاؤس میں یہ تبدیلیاں گذشتہ سال کے صدارتی انتخابات میں روسی مداخلت کے متعددالزامات کے درمیان آئی ہیں۔شان سپائسر نے آئندہ ماہ مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ صدر کی خدمت کرنا ان کے لیے 'باعث افتخار تھا۔نیو یارک ٹائمز کے مطابق شان سپائسر، انتھونی سکیرامکسائی کی تقرری سے ناخوش ہیں اور ان کا خیال ہے کہ یہ ایک بڑی غلطی ہے۔اس عہدے کے لیے گذشتہ مئی میں کمیونیکیشنز ڈائریکٹر مائیک ڈیوبک کے مستعفی ہونے کے بعدسے کسی نئے شخص کی تلاش جاری تھی۔سکیرامکسائی نے جمعے کی نیوز کانفرنس میں پراعتمادانداز میں شرکت کی اور شان اسپائسر کی سابق نائب سارہ ہکابی سینڈرز کے بارے میں اعلان کیا کہ وہ مسٹر سپائسر کی جگہ لیں گی۔


Share: